گردوارہ کرتارپور: بابا گرو نانک دیو جی کے 486ویں جوتی جوت کی تین روزہ تقریبات کا آج سے آغاز

گردوارہ کرتارپور کے گیانی گوبند سنگھ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کرتارپور کو عام لوگوں کے لیے کھول دیا گیا ہے اور سیلابی صورتحال کے بعد صفائی اور بحالی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

ان کے مطابق بابا گرو نانک دیو جی کے 486ویں جوتی جوت کی تین روزہ تقریبات آج 20 ستمبر سے شروع ہوگئی ہیں جو 22 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ مرکزی تقریب 22 ستمبر کو گردوارہ کرتارپور میں منعقد ہوگی۔

انتظامیہ کے مطابق دنیا بھر اور پاکستان کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں سکھ یاتری ان تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔ تاہم بھارت نے اپنے یاتریوں کو کرتارپور میں جوتی جوت کی تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں دی جس کے باعث راہداری بند رہنے کے ساتھ ساتھ واہگہ کے راستے سے بھی کوئی یاتری شریک نہیں ہوگا۔

گیانی گوبند سنگھ نے کہا کہ کرتارپور گردوارہ ہمیشہ کی طرح امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور یہ تقریبات اسی روایت کو آگے بڑھانے کے لیے منعقد کی جا رہی ہیں۔

 

Similar Posts