ایک حالیہ پروگرام میں اپنی نجی زندگی پر گفتگو کرتے ہوئے ڈرامہ بُلبلے کیلئے مشہور اداکار نبیل ظفر نے کہا کہ انہیں اس بات کا بےحد افسوس اور شدید پچھتاوا ہے کہ وہ اپنے والدین کو ایک لگژری لائف اسٹائل نہ دے سکے۔
نبیل ظفر نے بتایا کہ جب والدین ان کی پرورش کر رہے تھے تو ان کے والد کو بہت محنت کرنی پڑی کیونکہ وہ مالی طور پر مستحکم نہیں تھے اور والد کا انتقال اس وقت ہوا جب انہوں نے انڈسٹری میں قدم رکھا ہی تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میری زندگی کی سب سے زیادہ افسوس کی بات ہے کہ میں اپنے والد کو آسائشیں فراہم نہ کر سکا۔ نبیل نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کاش میرے والد آج موجود ہوتے تو وہ دیکھ پاتے کہ اب ان کا بیٹا کتنا کچھ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے اور کاش وہ اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے زندہ رہتے۔
نبیل ظفر نے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد ان کی والدہ ان کے ساتھ مستقل کراچی منتقل ہوگئیں۔ نبیل نے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ کو دل کا دورہ پڑا اور وہ انجیو پلاسٹی سے گزریں لیکن خون کا ایک لوتھڑا (کلاٹ) ان کے دماغ میں چلا گیا اور وہ چل بسیں۔
اداکار مرحوم والدین کو یاد کرتے ہوئے رو پڑے اور بتایا کہ ان کی والدہ کو ان پر بہت اعتماد تھا اور وہ ان کی بیوی کو کہتی تھیں کہ میں ہمیشہ یہ دعا کرتی تھی کہ اگر مجھے کچھ ہو جائے تو تم میرے بیٹے کے ساتھ رہو تاکہ اس کی دیکھ بھال کرسکو اور اسے سنبھال سکو۔