پاکستان اور سعودیہ کے دفاعی معاہدے نے دنیا میں ہلچل مچا دی۔ عسکری اصطلاح میں ’’ڈیفنس پیکٹ‘‘سے مراد دو یا زائد ملکوں کا بصورت جنگ ایک دوسرے کی ہر ممکن مدد کرنا ہے۔
ازروئے تاریخ ایسا پہلا باقاعدہ معاہدہ 16 جون 1373ء کو برطانیہ اور پرتگال کے درمیان ہوا۔ تب سے ملکوں کے مابین ایسے ’’21‘‘پیکٹ ہو چکے ہیں۔ان میں ’’7‘‘ختم ہو گئے جن میں ’’سیٹو‘‘و ’’سینٹو‘‘بھی شامل ہیں جن کا پاکستان رکن تھا۔
دفاعی معاہدوں کی تاریخ میں سعودیہ اور پاکستان کا ڈیفنس پیکٹ ایسا ’’ اکیسواں معاہدہ‘‘ ہے ۔ جب فرانسیسی مہم جو نپولین بونا پارٹ نے1808 عیسوی میں پرتگال اور سپین پر حملہ کیا تو درج بالا معاہدے کے تحت ہی برطانیہ نے اپنے قابل ترین جرنیل ڈیوک آف ولنگٹن کو پرتگال بھجوایا جس کی مدد سے فرانسیسی فوج ملیامیٹ کر دی گئی۔
اس شکست نے نپولین کے زوال میں اہم کردار ادا کیا۔ برطانیہ و پرتگال کا دفاعی معاہدہ قدیم ترین ایسا معاہدہ ہے جو اب تک چلا آ رہا ہے۔