ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں بھارت اور بنگلہ دیش نے شاندار آغاز کرتے ہوئے فتوحات سمیٹ لیں، تاہم فائنل تک رسائی کی دوڑ ابھی کھلی ہوئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کے اس مرحلے میں بھارت نے اتوار کے روز روایتی حریف پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی، جبکہ ایک ہفتہ قبل بھی بھارت نے گروپ میچ میں پاکستان کو زیر کیا تھا۔ دوسری جانب ہفتے کے روز بنگلہ دیش نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے ہرایا۔
ان نتائج کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش دو، دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔ بھارت بہتر نیٹ رن ریٹ (+0.689) کے باعث پہلے نمبر پر ہے، جبکہ بنگلہ دیش +0.121 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے حصے میں ابھی تک کوئی پوائنٹ نہیں آیا، لیکن چار میچ باقی ہونے کے باعث دونوں ٹیمیں اب بھی فائنل کی دوڑ میں شامل ہیں۔
پاک بھارت ٹاکرا: حارث رؤف اور ابھیشیک شرما الجھ پڑے، تلخ جملوں کا تبادلہ
پاکستان کے لیے راستہ سیدھا مگر مشکل ہے۔ اسے اپنے اگلے دونوں میچ جیتنے ہوں گے، پہلا منگل کو سری لنکا کے خلاف اور پھر جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف۔ دو کامیابیاں پاکستان کو چار پوائنٹس دلا دیں گی اور اس طرح اگلے اتوار بھارت کے ساتھ فائنل میں تیسری ٹکر ممکن ہو سکے گی۔
اگر پاکستان سری لنکا کو منگل کے روز شکست دے دیتا ہے تو سری لنکا مسلسل دو ہار کے بعد ایونٹ سے باہر ہو جائے گا۔
بھارت اور بنگلہ دیش بدھ کو آمنے سامنے ہوں گے اور بھارتی ٹیم کی حالیہ شاندار فارم دیکھتے ہوئے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ فائنل میں ناقابل شکست رسائی حاصل کرے گی۔ اس صورت میں پاکستان کے لیے جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف مقابلہ ایک ورچوئل سیمی فائنل ہوگا۔ جمعہ کو بھارت اور سری لنکا کا میچ پھر محض رسمی نوعیت کا رہ جائے گا۔
اگر یہ منظرنامہ حقیقت بن گیا تو شائقین کو لگاتار تین ہفتے بھارت اور پاکستان کے میچ دیکھنے کا موقع ملے گا، جو طویل عرصے بعد ایک منفرد سلسلہ ہوگا۔
اب تمام نگاہیں منگل کے روز پاکستان اور سری لنکا کے مقابلے پر ہیں، جو دونوں ٹیموں کے لیے بقا کی جنگ ہے۔ شائقین کی اصل خواہش مگر کچھ اور ہے، کہ فائنل ایک بار پھر بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے اور ایشیا کپ 2025 کا فیصلہ روایتی حریفوں کی تیسری ٹکر سے ہو۔