پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزارتِ ریلوے میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان ریلوے کے ذریعے علاقائی روابط کے فروغ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور باہمی شراکت داری، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے شعبے میں شراکت داری نہ صرف نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گی بلکہ دوطرفہ تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنائے گی۔
امریکی ناظم الامور نے پاکستان ریلوے کی اسٹریٹجک اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ادارے کے ساتھ تعاون میں دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ ریلوے کی کامیابی ملکی معیشت کے لیے تقویت کا باعث بنے گی۔
محمد حنیف عباسی نے اجلاس کے دوران بتایا کہ پاکستان ریلوے میں تمام ترقیاتی اقدامات وزیراعظم کے وژن کے تحت کیے جا رہے ہیں اور ادارے میں جدید ڈیجیٹائزیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ریلوے نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں جبکہ ریلوے اسٹیشنز کی صفائی ستھرائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بڑے اسٹیشنز پر ایگزیکٹو CIP لاؤنجز، جدید ویٹنگ ایریاز، ایسکلیٹرز اور جدید مانیٹرنگ سسٹم قائم کیے جا رہے ہیں جب کہ 40 بڑے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کو مفت وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے پاکستان ریلوے کی ان اصلاحاتی اور جدید اقدامات کی کوششوں کو سراہا اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔