بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کا پہلا شیڈول لداخ میں مکمل کیا گیا، جو 45 دن پر محیط تھا۔ اس دوران سلمان خان تقریباً 15 دن تک سیٹ پر موجود رہے، جہاں شدید سرد موسم، کم آکسیجن اور دشوار گزار حالات میں اداکار نے ایکشن مناظر عکس بند کروائے۔
پروڈکشن ٹیم کے مطابق اداکار نے منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ میں شوٹنگ کے دوران چوٹ لگنے اور آکسیجن کی کمی کے باوجود کام جاری رکھا۔ زخمی ہونے کے بعد سلمان خان نے مختصر آرام کیا اور اب وہ فلم کے دوسرے شیڈول کے لیے ممبئی روانہ ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ فلم بیٹل آف گالوان 2020 میں چین اور بھارت کے درمیان وادی گالوان میں ہونے والے فوجی تصادم پر مبنی ہے۔ فلم میں سلمان خان کے ہمراہ چترانگدا سنگھ اور ابھیلاش چوہدری بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا تاہم اُمید کی جارہی ہے کہ اسے 2026 میں ریلیز کردیا جائے گا۔