پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں آج بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 5100 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل ہزاروں روپے کا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس کے بعد پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمت بڑھ کر تاریخ کی بلند ترین سطح پر آگئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط کا حامل فی تولہ سونا 5 ہزار 100 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 98 ہزار 800 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 372 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 41 ہزار 906 روپے ہو گئی جب کہ 22 قیراط کا 10 گرام سونا 3 لاکھ 9 ہزار 517 روپے سے بڑھ کر 3 لاکھ 13 ہزار 425 روپے پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 51 ڈالر اضافے سے 3770 ڈالر فی اونس ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 3400 روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 93 ہزار 700 روپے کا ہوگیا تھا جب کہ 10 گرام سونا 2915 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 37 ہزار 534 روپے کا ہوگیا تھا۔
ماہرین کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے، روپے کی قدر میں کمی، اور مقامی طلب و رسد کے دباؤ کے باعث سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سرمایہ کاروں کا وہ طبقہ، جو روایتی طور پر سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتا ہے، سونے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا شکار ہے۔
ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونا مزید مہنگا ہو سکتا ہے۔
چاندی کی قیمت بلند ترین سطح پر
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے، جس کے باعث مقامی اور عالمی مارکیٹس میں چاندی کی قیمت اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
آج فی تولہ چاندی کی قیمت 42 روپے کے اضافے سے 4 ہزار 637 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 36 روپے کے اضافے سے 3 ہزار 975 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی 42 سینیٹ اضافے سے 44.10 ڈالر فی اونس میں ٹریڈ ہوئی۔