لاہور ہائیکورٹ کے مستعفی جج جسٹس شاہد جمیل تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل

لاہور ہائی کورٹ کے مستعفی ہونے والے جج جسٹس شاہد جمیل تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل ہوگئے۔

جسٹس (ر) شاہد جمیل لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج ہیں، کچھ عرصہ قبل انہوں نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔

اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) شاہد جمیل  نے کہا کہ مجھے خوشی ہے آئین کی سپرمیسی کیلئے کام کرنے والی تحریک کا حصہ بن رہا ہوں، اس تحریک میں شامل ہونے کا مقصد آئین کی سپرمیسی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک متفقہ آئین قرار داد مقاصد کی بنیاد پر بنا، آئین پر اس ملک کی تمام اکائیاں متفق ہیں، بد قسمتی ہے کہ آئین کے خلاف ہی کام شروع ہوا، اسی پارلیمنٹ میں آئین کے خلاف کام ہوا جہاں اسے بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں عدلیہ کی آزادی بنیادی جزو ہے، آئین کو ہر ڈکٹیٹر نے پامال کرنے کی کوشش کی، اس دفعہ جو کام ہوا وہ ہائیبرڈ رجیم کے نام پر ہوا،  افسوس سے کہنا پڑتا ہے اس بار وہ پارٹی حصہ بنی جن کے بھٹو نے عدلیہ کی آزادی پر زور دیا۔

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا بنیادی مقصد جسٹس (ر) شاہد جمیل ہیں، جسٹس صاحب نے آج تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ جسٹس (ر) شاہد جمیل کو تحریک تحفظ آئین پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، ان کی شمولیت سے ہماری تحریک مضبوط ہوگی۔

Similar Posts