بنگلہ دیش کو شکست دے کر بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا، سری لنکا ایونٹ سے باہر

ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے سپر 4 مرحلے کے چوتھے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جب کہ سری لنکا ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ حد تک کامیاب ثابت ہوا۔ بنگلہ دیشی بولرز نے بھارتی ٹیم کو بڑا اسکور کرنے سے روکا تاہم بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تاہم 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت کی بیٹنگ

پہلی اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی بھارتی بیٹرز نے بنگلہ دیشی بولرز کے خلاف جارحانہ شاٹس لگائے، اوپنر بلے باز ابھیشک شرما نے ایک اور برق رفتار ففٹی اسکور کی۔

انہوں نے صرف 37 گیندوں پر 75 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، اس دوران بیٹر نے 6 چوکے اور 4 چھکے بھی لگائے، جب کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 202 سے زائد رہا۔

شمبن گل نے بھی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 19 گیندوں پر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم دیگر بلے بازبڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں کامیاب رہے گا تاہم بنگلہ دیش نے کم بیک کرتے ہوئے وقفے وقفے سے بھارتی بیٹرز کی وکٹیں حاصل کریں۔

تلک ورما اور کپتان سوریا کمار یادیو 5،5 جبکہ شیوم دھوبے 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد مڈل آرڈر میں ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔


AAJ News Whatsapp

ہاردک پانڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 رنزاسکور کیے اور اننگز کو سہارا دیا، آخر میں اکشر پٹیل 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 27 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تنزیم حسن ساکب، مستفیض الرحمان اور سیف الدین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یوں بھارت کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا سکی اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

بھارت کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی جانب سے سیف حسن سوا کوئی کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس نہ دے سکا۔ اوپنرسیف حسن نے 51 گیندوں پر 69 رنز بنائے، انہوں نے اس دوران 5 چھکے اور 3 چوکے لگائے ، انہیں کئی بار چانس بھی ملا۔

اس کے علاوہ باقی بلے باز بھارتی بولرز کے سامنے ناکام دکھائی دیے، پرویز حسین نے 21 رنز بنائے۔ بنگلادیش کے 9 بلے باز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔

توحید ہردوئے 7، مستفیض الرحمان 6، کپتان جاکر علی 4، محمد سیف الدین 4، رشاد حسین 2 جب کہ تنظیم حسن ثاقب اور شمیم حسین کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹے جب کہ نسم احمد 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کے اسپنرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، کلدیپ یادیو نے 3 وکٹیں لے کر بنگلادیش کی بیٹنگ لائن کو گرادیا، اس کے علاوہ جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اکشر پٹیل اور تلاک ورما نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 127 رنز بناسکی۔ اس طرح بھارت نے میچ 41 رنز سے اپنے نام کرکے ایشیا کپ کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی اور ساتھ ہی سری لنکا کا سفر بھی ایونٹ میں تمام ہوگیا۔

میچ کا ٹاس

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اپشیا کپ ٹی 20 سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں آج بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں مد مقابل آئیں۔ جہاں بنگلہ دیش کے کپتان جاکر علی نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلا دیش کے کپتان جاکر علی کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کومحدود اسکور پرروکنے کی کوشش کریں گے تاکہ بعد میں ہدف کا تعاقب آسان ہو۔

بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور ان کی ٹیم بڑا اسکور کرنے کی کوشش کرے گی۔

بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس کی عدم موجودگی میں جاکر علی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں جب کہ لٹن داس تاحال انجری سے نجات حاصل نہیں کر سکے۔

بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف اہم میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں 4 تبدیلیاں کی ہیں جب کہ بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

بنگلہ دیش کا اسکواڈ

بنگلہ دیش کی ٹیم میں سیف حسن، تنزیـد حسن، پرویز حسین ایمان، توحید ہری دوئے، جاکر علی (کپتان و وکٹ کیپر)، شمیم حسین، رشاد حسین، ناصم احمد، تنزیم حسن ساکب، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارت کی ٹیم میں ابھشیک شرما، شبمن گل، تلک ورما، سوریہ کمار یادو (کپتان)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے سپر فور راؤنڈ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے جب کہ بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ سپر فور راؤنڈ میں پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے، پاکستان دوسرے، بنگلہ دیش تیسرے اور سری لنکا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

Similar Posts