کراچی کے علاقے لیاقت آباد کے مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا، لیاقت آباد پل کا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پانی کی عدم فراہمی کیخلاف خواتین اور بچے بھی سڑکوں پر نکل آئے، احتجاج کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ لوگوں کے احتجاج کے باعث اطراف کی شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام ہوا۔
دوسری جانب کراچی میں انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ متعدد افراد نے روزہ سڑکوں پر کھولا۔
کراچی میں یوم القدس ریلی اور رمضان المبارک کے آخری عشرے کے باعث شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام کی سنگین صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی کے مختلف علاقوں جہانگیر روڈ، جمشید روڈ، گرو مندر، لسبیلہ اور تین ہٹی کے اطراف میں ٹریفک کا شدید دباؤ دیکھنے میں آیا جبکہ گارڈن، جیل چورنگی اور سولجر بازار میں بھی ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔