پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے سری لنکن اسکواڈ کا اعلان، 2 اہم کھلاڑی باہر
سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جب کہ کوشل مینڈس ٹیم کی قیادت کریں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 میچز رواں ماہ اکتوبر میں راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں سری لنکن ٹیم کی قیادت کرنے والے کوشل مینڈس نے انگلینڈ کے حالیہ دورے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 میچز میں 198 رنز بنائے تھے، جس میں دوسرے ون ڈے میں 121 رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔
سری لنکا کے ایشین گیمز اسکواڈ میں شامل سہان اراچیگے، سنتھ جے وردھنے اور وجے اکانتھ ویاساکانتھ بھی پاکستان کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ ہیں جب کہ تینوں کھلاڑی 3 اکتوبر کو کانسی کے تمغے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
اسپن بولنگ کے شعبے میں دونیتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشانا اور وجے کانتھ ویاسکانتھ شامل ہیں جب کہ دُشمانتا چمیرا، بینورا فرنینڈو، نووان تھشارا اور ایشان مالنگا فاسٹ بولنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اسیتھا فرنینڈو انگلینڈ کے خلاف سری لنکا کی ون ڈے سیریز میں 7 وکٹوں کے ساتھ ٹیم کے سب سے کامیاب بولر رہے تھے تاہم انہیں پاکستان کے خلاف اعلان کردہ ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
سری لنکا کو پاکستان کے خلاف سیریز میں پاتھم نسانکا اور ونیندو ہسارانگا کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، دونوں کھلاڑی انجریز کے باعث اسکواڈ سے باہر ہیں۔ پاتھم نشانکا کو دائیں ٹانگ میں تکلیف کا سامنا ہے جب کہ وانندو ہسارانگا کمر کی تکلیف سے صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی ون ڈے ٹرائی سیریز میں واپسی فٹنس کلیئرنس سے مشروط ہوگی۔
سری لنکا کا 15 رکنی ٹی 20 اسکواڈ
سری لنکن ٹیم میں کوشل مینڈس (کپتان)، کامل مشارا، سنتھ جے وردھنے، لاہیرو اُدارا، سہان اراچیگے، کمنڈو مینڈس، داسن شناکا، چامندو وکرما سنگھے، دونیتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشانا، وجے اکانتھ ویاساکانتھ، دُشمانتا چمیرا، بینورا فرنینڈو، نووان تھشارا اور ایشان ملنگا شامل ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 سیریز 9 اکتوبر سے شروع ہوگی اور تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جب کہ سیریز کے دیگر میچز 11 اور 13 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
ٹی 20 سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان 9 اکتوبر سے 21 نومبر تک جاری رہنے والے دورے کا پہلا مرحلہ ہے، اس کے بعد پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کھیلی جائے گی، جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز ہوں گے۔ یہ ٹیسٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہیں۔