یمنی ساحل کے قریب آئل ٹینکر پر اسرئیلی ڈرون نے حملہ کیا جس پر 24 پاکستانی سوار تھے، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ یمنی ساحل کے قریب ایل پی جی ٹینکر پر اسرائیلی ڈرون نے حملہ کیا تھا جس کے باعث جہاز پر آگ لگی اور 24 پاکستانیوں سمیت 27 افراد کو حوثیوں نے یرغمال بنایا جو کہ رہا ہوگئے۔

اپنے ٹویٹ میں محسن نقوی نے کہا کہ یمن کے ساحلی علاقے راس العیسیٰ پر ایل پی جی ٹینکر پر اسرائیلی ڈرون نے حملہ کیا، حملے کے وقت جہاز پر 27 افراد سوار تھے جن میں 24 پاکستانی شامل  ہیں، جہاز پر ایک ٹینک پھٹ گیا تاہم عملے نے آگ پر قابو پالیا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ بعد ازاں حوثی فورسز نے جہاز کو روک کر عملے کو یرغمال بنالیا تاہم پاکستانی سیکیورٹی اداروں اور سفارتی کوششوں سے عملہ بازیاب ہوگیا اور کیپٹن مختار اکبر سمیت تمام پاکستانی عملہ محفوظ رہا، حوثیوں نے جہاز اور عملے کو بحفاظت رہا کر دیا، جہاز یمنی پانیوں سے باہر آچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکریٹری داخلہ خرم آغا، سفیر نوید بخاری اور دیگر اہلکاروں کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، وزرات داخلہ، سعودی عرب و عمان میں پاکستانی ٹیموں کا کلیدی کردار ہے۔
 

Similar Posts