ایشیا کپ فائنل میں پاکستان اور بھارت آج دبئی میں مدمقابل ہوں گے۔ وہیں دبئی پولیس نے بھی اسٹیڈیم میں ہنگاموں کے خدشے کے پیشِ نظر کمر کس لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فائنل میچ سے قبل دبئی پولیس نے شائقینِ کرکٹ کے لیے ایک سخت سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں واضح ہدایات اور قواعد و ضوابط کا اعلان کیا گیا ہے۔
دبئی پولیس کی سیکیورٹی ایڈوائزری
دبئی پولیس کے مطابق تمام ٹکٹ ہولڈرز کو میچ کے آغاز سے کم از کم تین گھنٹے پہلے اسٹیڈیم پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایک ٹکٹ پر صرف ایک بار داخلے کی اجازت ہوگی۔ اگر کوئی شخص میچ کے دوران اسٹیڈیم سے باہر جاتا ہے تو دوبارہ داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔
شائقین کو اسٹیڈیم کے عملے کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا، اور گاڑیاں صرف مخصوص پارکنگ ایریاز میں کھڑی کی جا سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ ممنوعہ اشیاء کی مکمل فہرست دبئی پولیس کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے۔
ممنوعہ اشیاء اور اقدامات کی فہرست
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم جانے والے شائقین کو آتش بازی، فلیئرز، لیزر پوائنٹرز، اور کوئی بھی آتش گیر یا خطرناک مواد لے جانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ نوکیلی اشیاء، ہتھیار، زہریلے مادے، اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز پا پابندی ہے۔
سوریا کمار یادو کے بعد ایک اور بھارتی کھلاڑی کے خلاف شکایت آئی سی سی میں درج
بڑے سائز کی چھتریاں، کیمرا ٹرائی پوڈز/ریگز، سیلفی اسٹکس، اور بغیر اجازت کے پیشہ ورانہ فوٹوگرافی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اس کے علاوہ غیر منظور شدہ بینرز، جھنڈے یا پوسٹرز، پالتو جانور، سائیکل، اسکیٹ بورڈ، اسکوٹرز، اور شیشے سے بنی اشیاء، عوام کو خطرے میں ڈالنے والے، نفرت یا نسل پرستی پر مبنی کسی بھی عمل کی سخت ممانعت ہے۔
خلاف ورزی پر سخت سزائیں
دبئی پولیس کی جانب سے اسٹیڈیم میں کسی بھی قسم کی خلاف وزری پر تماشائیوں کے خلاف سخت کارروائی اور سزا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پچ پر حملہ، ممنوعہ اشیاء کا ساتھ لانا، یا گالی گلوچ جیسے اقدامات پر ایک لاکھ روپے سے لے کر سات لاکھ روپے تک جرمانے اور تین ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
اگر کسی تماشائی نے کھلاڑیوں کے خلاف پرتشدد رویہ اختیار کیا جیسے چیزیں پھینکنا، یا نسل پرستانہ/گالی آمیز زبان استعمال کی تو 2.41 لاکھ روپے سے 7.24 لاکھ روپے تک جرمانہ لگ سکتا ہے۔
اسٹیڈیم میں خصوصی پولیس یونٹس کو تعینات کیا گیا ہے، اور کسی بھی قسم کے عوامی نظم میں خلل پر فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے دوران پاک بھارت ٹیموں کے درمیان اسٹیڈیم میں ماحول خاصا گرم دیکھا گیا، اور اب فائنل میں بھی شدید جوش و خروش اور ممکنہ کشیدگی کی توقع کی جا رہی ہے۔
ایشیا کپ 2025 کے سنسنی خیز فائنل میں سوریا کمار یادو کی قیادت میں بھارت اور سلمان علی آغا کی سربراہی میں پاکستان کی ٹیمیں آج بروز اتوار دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ یہ تاریخی موقع اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ 41 سالوں میں پہلی مرتبہ یہ دونوں روایتی حریف ایشیائی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے۔