اورنگی ٹاؤن راجہ تنویر کالونی میں داماد نے سسرال میں فائرنگ کرکے سسر، سالا اور سالی کو زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن راجہ تنویر کالونی جامعہ فاروقیہ مسجد کے قریب گھر میں فائرنگ سے نو عمر لڑکے اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت 40 سالہ غلام دار ولد حب دار، اس کا بیٹا 14 سالہ عدنان اور بیٹی 22 سالہ ایمان کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ شیر محمد کے مطابق فائرنگ کا واقعہ خاندانی رنجش کا شاخسانہ ہے، داماد محمد حسین نے بیوی کے خلع لینے پر سسر کے گھر میں آکر فائرنگ کر دی، جس سے اس کا سسر، سالا اور سالی زخمی ہوئے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم محمد حسین موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔