ایشیا کپ فائنل: پاکستان کے خلاف میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

ایشیا کپ ٹی 20 کے فائنل میں پاکستان کے خلاف بڑے ٹاکرے کے لیے بھارتی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارت ایک بار پھر اپنے روایتی حریف پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے، یہ مسلسل تیسرا اتوار ہوگا جب دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی تاہم اس بار مقابلہ دبئی میں ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں ہوگا۔

بھارت جو سوریہ کمار یادیو کی قیادت میں اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہا ہے، اپنے تمام 6 میچ جیت چکا ہے۔ سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف سپر اوور میں حاصل کی گئی کامیابی نے ٹیم کا اعتماد بڑھایا ہے لیکن فائنل میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے پہلے بھارت اپنی ٹیم میں چند اہم تبدیلیاں کرنے پر غور کر رہا ہے۔

بھارتی ٹیم کے ذرائع کے مطابق تیز گیند باز جسپریت بمراہ کا فائنل میں واپسی تقریباً یقینی ہے جب کہ آل راؤنڈر شیوَم دوبے کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

نوجوان پیسرز ارشدیپ سنگھ اور ہرشیت رانا کو متواتر مواقع ملنے کے باوجود وہ نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکے، اسی باعث انہیں ڈراپ کیے جانے کی توقع ہے۔

بھارتی ٹیم کی سب سے بڑی فکر آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی فٹنس ہے۔ سری لنکا کے خلاف میچ میں پانڈیا اور اوپنر ابھیشیک شرما دونوں کریمپس کا شکار ہوئے تھے۔

بولنگ کوچ مورنے مورکل نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ابھیشیک بالکل فٹ ہیں تاہم ہاردک کے معاملے پر حتمی فیصلہ میچ والے دن کیا جائے گا۔


AAJ News Whatsapp

اگر ہاردک پانڈیا فائنل میں دستیاب نہ ہوئے تو ارشدیپ یا ہرشیت رانا کو دوبارہ موقع دیا جا سکتا ہے۔ دوسری صورت میں رنکو سنگھ یا جیتیش شرما کو بطور بلے باز آزمانے کا آپشن موجود ہے لیکن دونوں کھلاڑیوں کو ابھی تک ٹورنامنٹ میں موقع نہیں ملا، اس لیے امکانات کم ہیں۔

بھارت کی متوقع ٹیم

بھارتی ٹیم ابھیشیک شرما، شبھمن گل، سوریہ کمار یادیو، تلک ورما، سنجو سیمسن، ہاردک پانڈیا، شیوَم دوبے، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی پر مشتمل ہوسکتی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان انتہائی کانٹے دار مقابلہ 41 سال بعد ایشیا کپ فائنل میں پہلی بار ہوگا، پاکستانی کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم ہیں جبکہ شائقین کو بھی اس میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔

Similar Posts