پولیس کے مطابق فائرنگ رافع نامی ملزم اور اس کے موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کی جانب سے کی گئی، فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق موچکو تھانے کے علاقے حب ریور روڈ حاجی خواستی گوٹھ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ دونوں افراد راستے میں دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی شناخت 50 سالہ جاوید عباسی ولد کالو خان اور 45 سالہ شاہد ولد سعید خان کے نام سے کی گئی۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے فوری جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کرلیا۔
ایس ایچ او موچکو فیصل لطیف کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پلاٹوں کے تنازع پر پیش آیا، فائرنگ رافع نامی ملزم اور اس کے موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کی جانب سے کی گئی ہے۔ مقتول جاوید عباسی اور شاہد گلی کے کونے پر بیٹھے ہوئے تھے کہ ملزم رافع اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہنچ گیا اور انھوں نے فائرنگ کر دی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ملزمان نے مقتول جاوید عباسی کے بیٹے پر بھی فائرنگ کی لیکن وہ خوش قسمتی سے بچ گیا اور گلی میں فرار ہوگیا، فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم ملزم اپنے گھر خالی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔