کراچی کے علاقے غریب آباد کے قریب ملیر سٹی پولیس اور ہاؤس رابری و کار لفٹنگ میں ملوث ڈکیت گروہ کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 ملزمان زخمی جبکہ مجموعی طور پر 7 کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گروہ شہر بھر میں ہاؤس رابری، گاڑی چوری اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
گشت پر موجود پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 ریپیٹر، 4 عدد 30 بور پستول، ایک کرولا کار، ایک موٹرسائیکل، متعدد موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کی سرگرمیوں اور دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے تفتیش جاری ہے۔