ترجمان ملیر پولیس کے مطابق مقتولہ کا باپ بیٹی کے قتل کو خود کشی کا رنگ دینے کی کوشش کررہا تھا۔
قائد آباد پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ 3 اکتوبر کوشیرپاؤ کالونی میں ایک خاتون نے گھر میں خودکشی کرلی ہے جس کی شناخت 24 سالہ ماریہ ولد دلبر کے نام سے ہوئی۔
قائد آباد پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی تفتیش شروع کردی، تفتیش کی روشنی میں پولیس نے مقتولہ کے والد دلبر خان اور ماموں زاد نور صمد کو حراست میں لیا۔
دورانِ تفتیش دونوں ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے باہمی رنجش کے باعث لڑکی کا گلا دبا کر قتل کیا۔ ملزمان نے واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کیلئے پولیس کو گمراہ کن اطلاع دی تھی۔
پولیس نے دونوں ملزمان کوگرفتار کرکے ضابطے کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔