ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث اشتہاری ملزم محمد علی کو کراچی سے گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم شہریوں کو جیوانی کے راستے ایران اور عراق بھجوانے میں ملوث ہے، ملزم کے خلاف کارروائی متاثرہ شہری کی شکایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کی جانب سے بھجوائے گئے شہری کو عراق سے واپس پاکستان ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے شہری کو عراق میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر ایک لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے تھے، گرفتار ملزم جیوانی کے راستے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث گینگ کے ساتھ رابطے میں تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔