بڑھتی بھتہ خوری سے تاجروں میں خوف کی لہر، کراچی چیمبر نے ارکان کو   خبردار کردیا

0 minutes, 0 seconds Read
شہر قائد میں بھتہ خوری کے واقعات میں اچانک اضافے سے تاجر برادری ایک بار پھر شدید عدم تحفظ کا شکار ہونے لگی ہے۔

کراچی چیمبر آف کامرس کی جانب سے اپنے ممبران کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں انہیں احتیاط برتنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

خط میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ تاجر برادری کے بعض افراد کو بھتے کی پرچیاں موصول ہو رہی ہیں، جن کے ساتھ گولیاں بھی منسلک کی جا رہی ہیں، جو کہ نہ صرف تاجروں بلکہ شہر کے مجموعی امن و امان کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔

خط کے مطابق بھتے کی ان پرچیوں میں بھاری رقم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جس نے کاروباری طبقے میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔

چیمبر آف کامرس کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے جاری کردہ اس خط میں تمام تاجروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کاروباری احاطوں اور رہائش گاہوں پر اعلیٰ معیار کے سی سی ٹی وی کیمرے فوری طور پر نصب کریں، جن کے ساتھ مناسب بیک اپ اسٹوریج کی سہولت بھی موجود ہو۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں سی سی ٹی وی فوٹیج چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شیئر کی جائے تاکہ اسے متعلقہ حکام تک ٹھوس شواہد کے ساتھ پہنچایا جا سکے۔  اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ ایسے گھناؤنے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے اور ان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

Similar Posts