راولپنڈی-اسلام آباد میٹرو بس سروس منصوبہ مکمل، وزیراعلیٰ مریم نواز افتتاح کریں گی

0 minutes, 0 seconds Read
راولپنڈی کے شہریوں کے لیے ماحول دوست پبلک  ٹرانسپورٹ کی سروس کا منصوبہ میٹرو بس سروس مکلمل ہوگیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز رواں ماہ اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز رواں ماہ راولپنڈی کا دورہ کریں گی، راولپنڈی میں موجودہ حکومت کا یہ منصوبہ 55 ارب روپے کی خطیر رقم سے مکمل کیا گیا، اس منصوبے سے لاکھوں افراد کو جدید ترین سفری سہولیات میسر ہو رہی ہیں۔

راولپنڈی کے سہام کے مقام پر موجود پرانے جی ٹی ایس کے اڈے 28 کنال کے رقبے پر 100 الیکٹرک بسوں کا ٹرمینل اور چارجنگ یونٹس کی تعمیر جاری ہے اور راولپنڈی کے کینٹ میں موجود جی ٹی ایس کے اڈے میں 6 بسوں کو چارج کرنے کا سینٹر تعمیر کیا جار ہا ہے۔

پہلے مرحلے میں 100 الیکٹرک بسوں کے نئے فلیٹ کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ دوسرے فیز میں بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائےگا۔

پنجاب ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے لیے 10 نئے روٹس کی منظوری دے دی گئی ہے، الیکٹرک بس سروس ریلوے اسٹیشن سے لاہور ہائی کورٹ، کورال چوک سے فوارہ چوک، عمر بیگ سے منڈی موڑ، منور کالونی سے صدر، مریٹر چوک سے موٹروے چوک، آئی جی پی سے موٹروے سے کری روڈ، صدر سے لالہ رخ کالونی، عمر بیگ سے قدیمی امام بارگاہ اور صدر لوپ سروس کے روٹس فائنل کیے گئے ہیں۔

راولپنڈی ریجنل ٹرانسپورٹ کے سیکریٹری اسد شیرازی کے مطابق بسوں میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، بسوں میں جی پی ایس، وائی فائی، یو ایس بی پورٹس اور خصوصی افراد کے لیے ریمپ کی سہولت دی گئی۔

مخصوص نشستیں، خواتین کے لیے علیحدہ سیکشن اور ہراسیت سے بچاؤ کے لیے کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان بسوں میں روزانہ تقریباً ایک لاکھ مسافر  مستفید ہوں گے،کرایے کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل والٹ اور کارڈز کا استعمال کیا جائے گا، ایک ایپ کے ذریعے بس کی ٹریکنگ بھی کی جا سکے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری نے بتایا کہ قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق راولپنڈی کے شہریوں کو جدید سستی پبلک ٹرانسپورٹ مہیا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں اس سروس کے آغاز سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

Similar Posts