مہمان ٹیم کی جانب سے تکنیکی غلطیوں کے سبب تمام افعان کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پاکستان کے ویزے جاری نہیں ہو سکے، میچ کے حوالے سے پاکستان کے تمام تر انتظامات مکمل تھے۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے حکومت اور اے ایف سی کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کر دیا۔ قانون کے مطابق پاکستان کو میچ میں واک اوور ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں شیڈول اے ایف سی ایشین کپ 2027 کے لیے کوالیفائر راؤنڈ میں جمعرات کو اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔
انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق تکنیکی غلطیوں کے سبب کابل میں پاکستانی سفارت خانے نے تمام مہمان کھلاڑیوں اور افیشلز کو ویزے جاری نہیں کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک صرف تین افغان کھلاڑیوں اور 10 آفیشلز کو اپاکستان کےویزے جاری کیے جا سکے ہیں۔ بیرون ملک رہائش پزیر افغان فٹبالرز کو ہنوز ویزے جاری نہیں ہو سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویزوں کی عدم اجرا کی وجوہات میں تکنیکی خامیاں شامل ہیں۔بیرون ملک مقیم افغان فٹبالرز نے ویزے میں اپنا مقام افغانستان ظاہر کیا۔
قواعد کے مطابق کسی بھی بیرون ملک ایونٹ میں شرکت کے لیے متعلقہ ٹیم کو 30 روز قبل ویزے حاصل کرنے ہوتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی فٹبال فیڈریشن نے تازہ ترین صورتحال سے حکومت پاکستان اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کو صورتحال سے اگاہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب قواعد کے مطابق قوی امکان ہے کہ میچ نہ ہونے کی صورت میں افغانستان کی تکنیکی غلطیوں کی بنیاد پر پاکستان کو میچ میں واک اوور حاصل ہو جائے گا۔