یہ جھڑپیں پیر اور منگل کی درمیانی شب ہوئیں جن میں فائرنگ اور مارٹر حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات ملی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب دمشق حکومت اور شمال مشرقی شام کی کرد انتظامیہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ شامی خبر رساں ادارے سانا کے مطابق کرد قیادت کی شامی ڈیموکریٹک فورسز (SDF) نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا، جس میں ایک اہلکار جاں بحق اور چار زخمی ہوئے۔
سانا نے دعویٰ کیا کہ ایس ڈی ایف نے حلب کے شیخ مقصود اور اشرفیہ کے علاقوں میں مارٹر گولے داغے اور بھاری فائرنگ کی، جس سے شہری بھی متاثر ہوئے۔ تاہم ایس ڈی ایف نے ان حملوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جنگجو اس علاقے سے پہلے ہی واپس جا چکے ہیں۔
شامی سرکاری ٹی وی نے منگل کی صبح اطلاع دی کہ دونوں فریقوں نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
واضح رہے کہ دمشق حکومت اور امریکا کی حمایت یافتہ ایس ڈی ایف کے درمیان مارچ میں ایک معاہدہ ہوا تھا، جس کے تحت کرد فورسز کو شامی فوج میں ضم ہونا تھا، لیکن اس پر عمل درآمد تاحال معطل ہے۔
دوسری جانب ایس ڈی ایف نے الزام لگایا ہے کہ شامی فوج نے عام شہریوں پر بار بار حملے کیے اور کرد علاقوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ ان کے مطابق سرکاری فورسز نے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ پیش قدمی کی کوشش کی اور ڈرون حملے کیے، جس سے شہری ہلاکتیں اور املاک کو نقصان پہنچا۔