اسٹاک ہوم: سویڈن کی رائل سویڈش اکیڈمی نے 2025 کا نوبیل انعام برائے ادب ہنگری کے معروف ناول نگار اور اسکرین رائٹر لازلو کراسناہورکائی کو دینے کا اعلان کیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق اکیڈمی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لازلو کراسناہورکائی ایک معتبر اور متاثر کن کہانیاں لکھنے والے مصنف ہیں۔ ان کا طرزِ تحریر یورپ کے مشہور ادیب فرانز کافکا جیسا ہے، جو قاری کو گہرائی میں لے جاتا ہے اور سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے۔
71 سالہ لازلو کو یہ ایوارڈ ان کے ”دل کو چھو لینے والے اور بصیرت افروز ادبی کام“ پر دیا گیا ہے، جو ”قیامت خیز حالات کے درمیان بھی فن کی طاقت کا یقین دلاتے ہیں“۔ وہ ہنگری کے دوسرے ادیب ہیں جنہیں ادب کا نوبل انعام ملا۔ اس سے پہلے امری کرتیز نے 2002 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
لازلو 1954 میں جنوب مشرقی ہنگری کے ایک چھوٹے سے شہر گیولا میں پیدا ہوئے، جو رومانیہ کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ ان کے پہلے مشہور ناول ”Satantango“ نے 1985 میں شہرت حاصل کی، جو کمیونزم کے خاتمے سے پہلے ایک خستہ حال گاؤں کی زندگی پر مبنی ہے۔
انہوں نے ہنگری کے معروف فلم ساز بیلا تار کے ساتھ بھی کئی سالوں تک کام کیا۔ بیلا تار نے لازلو کے کئی ناولوں پر فلمیں بنائیں، جن میں ”Satantango“ اور ”The Werckmeister Harmonies“ شامل ہیں۔ یہ فلمیں عالمی سطح پر سراہا گئی ہیں۔
لازلو کا شمار یورپ کے منفرد طرزِ تحریر رکھنے والے ادیبوں میں ہوتا ہے۔ ان کا انداز مشکل، گہرا اور فکری ہوتا ہے، جسے بعض ناقدین نے ”جنونی“ بھی قرار دیا ہے۔ ان کی تحریر لمبے جملوں اور کم پیراگراف پر مشتمل ہوتی ہے، جو قاری کو ایک منفرد تجربے سے گزارتی ہے۔
ان کے انگریزی مترجم اور شاعر جارج سرٹس نے انہیں ”وجد انگیز مصنف“ قرار دیا اور کہا کہ ”لازلو کی تحریر قاری کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے، یہاں تک کہ ان کی تخلیق کردہ دنیا قاری کے اندر گونجنے لگتی ہے۔“
1993 میں لازلو کو ان کی مشہور کتاب ”The Melancholy of Resistance“ پر جرمنی کا بڑا ادبی انعام بھی ملا تھا۔
نوبیل انعام کے ساتھ اس سال کی انعامی رقم 1.2 ملین امریکی ڈالر ہے۔ اس اعزاز کے ساتھ لازلو ان نامور ادیبوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جن میں ٹونی موریسن، ارنسٹ ہیمنگوے اور کازوو اشی گورو جیسے عظیم نام شامل ہیں۔
گزشتہ سال 2024 میں یہ اعزاز جنوبی کوریا کی مصنفہ ”ہان کانگ“ کو دیا گیا تھا۔ وہ یہ انعام حاصل کرنے والی جنوبی کوریا کی پہلی اور دنیا کی 18ویں خاتون بنیں۔ نوبل انعام برائے ادب جیتنے والی پہلی خاتون 1909 میں سویڈن کی سیلما لاگرف تھیں۔