گورنر سندھ اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی قوم کو مبارکباد، کراچی والوں کو عید سادگی سے منانے کی ترغیب

0 minutes, 0 seconds Read

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک میں انہیں عوام کی خدمت میں مصروف رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ ”رمضان اتحاد“ کے نام پر دس لاکھ افراد کے لیے افطار کا اہتمام کیا گیا، جبکہ کراچی کے عوام میں روزانہ ایک پلاٹ اور عمرے کے ٹکٹ تقسیم کیے گئے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جب تک وہ اس منصب پر ہیں، خدمت خلق کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔

کامران ٹیسوری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور اعلان کیا کہ عید کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطین میں جاری مظالم کو رکوانے کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے شہر میں ٹریفک حادثات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تقریباً 100 شہری ڈمپرز اور ٹینکرز کی زد میں آ کر جاں بحق ہو چکے ہیں، جو ایک سنگین مسئلہ ہے۔

قاتلوں کی گرفتاری تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما فاروق ستار نے بھاری دل کے ساتھ قوم کو عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہم آج سادگی کے ساتھ عید منا رہے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ رواں سال 100 سے زائد شہری ”ڈمپر گردی“ کا شکار ہو چکے ہیں اور جب تک قاتل گرفتار نہیں ہوتے، وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ کے شہروں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور دہشت گردی کے مسئلے پر حکومت کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

فاروق ستار نے معاشی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ سے قبل عوام کو کچھ امید دلائی جانی چاہیے اور بجلی کی قیمتوں میں کم از کم 10 روپے فی یونٹ کمی کی جانی چاہیے۔

کراچی کو اس حال میں نہیں چھوڑا جا سکتا، خالد مقبول صدیقی

ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے ہمارے لوگ ظلم اور جبر کا شکار ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ”ڈمپر مافیا اور ڈاکو غیر مقامی ہیں“ اور اب اس شہر کو اس حال میں نہیں چھوڑا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو جس انداز میں چلایا جا رہا ہے، وہ ناقابل قبول ہے، اور گورنر ہاؤس کو خدمت کا مرکز بنا دیا گیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جمہوریت کی خاطر وفاق کا ساتھ دیا تھا، اور اب وفاق اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل حل کریں۔

Similar Posts