تفصیلات کے مطابق جناح اسٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان میں دلچسپ مقابلہ ہوا، میزبان ٹیم مسلسل 8 شکستوں کا بوجھ لیے میدان میں اتری، البتہ حریف نے اسے ٹف ٹائم دیا.
پاکستان کو مہمان ٹیم کے خلاف گول کرنے کے کئی مواقع ملے مگر فائدہ نہ اٹھایا جا سکا، پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی.
65 ویں منٹ میں اوٹس خان ٹیم کو برتری دلانے کے نادر چانس سے فائدہ نہ اٹھا سکے، ان کی پنالٹی کک پر گیند کراس بار کے اوپر چلی گئی.
کھیل کے اختتامی لمحات میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر بھرپور حملے کیے لیکن کوئی بھی ٹیم گیند کو جال کی راہ نہ دکھا سکی.
میچ دیکھنے کیلیے7 ہزار سے زائد شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے، ڈرا کی وجہ سے دونوں ٹیموں نے ایک ایک پوائنٹ حاصل کیا، یوں ایشین کپ کوالیفائرز کے گروپ ‘‘ای’’ میں انھیں پوائنٹس ٹیبل پر آنے کا موقع مل گیا.
واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم ویزہ مسائل کے سبب تاخیر سے اسلام آباد پہنچی جس کی وجہ سے یہ میچ خطرے میں پڑ گیا تھا.
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے معاملے کا نوٹس لیے جانے پر مسئلہ حل ہوا۔ ایونٹ میں پاکستان نے مہم کا آغاز شام اور میانمار کے خلاف مسلسل 2 شکستوں سے کیا تھا.
مارچ میں کھیلے گئے ابتدائی میچ میں شام نے سعودی عرب کے پرنس عبداللہ بن جلاوی اسٹیڈیم میں پاکستان کو 0-2 سے شکست دی تھی، جون 2025 میں میانمار کے شہر یانگون کے تھووانا اسٹیڈیم میں بھی ٹیم کو 1-0 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا.
پاکستانی سائیڈ اب 14 اکتوبر کو افغانستان سے اپنے اگلے میچ کے لیے کویت جائے گی، گروپ کی فاتح ٹیم سعودی عرب میں شیڈول ٹورنامنٹ کے فائنلز میں جگہ بنا لے گی۔