جامعہ کراچی میں طالبہ یونیورسٹی بس  کی زد میں آکر جاں بحق، ڈرائیور گرفتار

جامعہ کراچی میں پوائنٹ بس کی زد میں آ کر سوشل ورک ڈپارٹمنٹ کی سیکنڈ ایئر کی طالبہ انیقہ سعید جاں بحق ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق طالبہ بس سے اتر رہی تھی کہ اسی دوران بس ریورس کرنے کے دوران انیقہ سعید زد میں آ گئی اور موقع ہی پر دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد جامعہ میں افسوس کی فضا پھیل گئی جب کہ طلبہ کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔

طلبہ نے جامعہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ حادثے کی تحقیقات کرائی جائیں اور مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لیے جامعہ کے اندر ٹریفک کنٹرول کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔  مظاہرین نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین طلبہ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں ٹریفک کے حوالے سے کوئی واضح نظام موجود نہیں ہے، نہ ہی اسپیڈ بریکرز یا سائن بورڈز نصب کیے گئے ہیں، جس سے طلبہ کی جانیں خطرے میں ہیں۔ انہوں نے جاں بحق طالبہ کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے۔

مبینہ ٹاؤن پولیس کے مطابق جامعہ کی بس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم جاں بحق طالبہ کے اہلخانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے لاش کی فوری طور پر حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا سے بات چیت جاری ہے  اور اسی دوران واقعے کی تفصیلی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔

Similar Posts