پی ٹی آئی کا علی امین گنڈا پور کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی نے استعفے کا معاملہ حل نہ ہونے پر علی امین گنڈا پور کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور شروع کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے استعفے کی گمشدگی کے معاملے پر حکومتی اراکین نے مختلف حکمت آپشن پر غور شروع کردیا ہے۔

اسپیکر ہاؤس میں حکومتی ارکان اور پارٹی عہدیداروں کے درمیان مشاورت جاری ہے جہاں وزیراعلیٰ کے استعفے کا معاملہ حل نہ ہونے پر علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں مشاورت کی جارہی ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے حتمی فیصلے پر قرارداد پر ارکان سے دستخط لیے جائیں گے۔

صوبائی حکومتی اراکین کے اجلاس میں گورنر کو دوبارہ استعفیٰ بھجوانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے 8 اکتوبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ استعفیٰ سمری کی صورت میں ان تک نہیں پہنچا ہے۔

بعد ازاں گورنر ہاؤس اور صوبائی حکومت کے درمیان تنازع پیدا ہوا جہاں صوبائی حکومت کا مؤقف تھا کہ گورنر ہاؤس کی جانب سے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ وصول کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ استعفیٰ دستاویزی شکل میں ان کے پاس آئے گا تو وہ فیصلہ کریں گے۔

Similar Posts