کراچی میں ’’را‘‘ نیٹ ورک  کیخلاف بڑی کارروائی، حساس معلومات لیک کرنے والے ملزمان گرفتار

بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی میں حساس معلومات لیک کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے 9 اکتوبر 2025ء  کو ایک بڑی کارروائی کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘کے نیٹ ورک کو نشانہ بنایا۔ کارروائی انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر دیگر خفیہ اداروں کے اشتراک سے کی گئی، جس میں 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ 

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان پاکستان کی حساس تنصیبات سے متعلق معلومات سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک منتقل کر رہے تھے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فون، کمپیوٹرز اور مالی لین دین کے شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ فرانزک جانچ میں بھی مزید اہم ثبوت سامنے آئے ہیں، جن سے بھارتی نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور ان کے غیر ملکی روابط کا سراغ لگانے میں مدد ملی ہے، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف پیکا ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی آن لائن کوشش کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Similar Posts