گوگل نے فٹ بٹ صارفین کو ایک سخت انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر وہ فوری طور پر کارروائی نہ کریں تو ان کے تمام ڈیٹا سے محروم ہو سکتے ہیں۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق، گوگل نے فٹ بٹ صارفین کو ای میل کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ اگر وہ 2 فروری 2026 تک اپنا فٹ بٹ اکاؤنٹ گوگل اکاؤنٹ سے نہ جوڑیں، تو ان کا سارا صحت، فٹنس اور تندرستی سے متعلق ڈیٹا مستقل طور پر حذف کر دیا جائے گا۔
گوگل نے پہلے 2025 کی ڈیڈ لائن دی تھی، لیکن اب کمپنی نے ایک حتمی وارننگ جاری کر دی ہے۔ فٹ بٹ صارفین کے ڈیٹا میں اکاؤنٹ کی معلومات، ورزش کی تاریخ، دل کی دھڑکن کے اعداد و شمار، نیند کا شیڈول، اور خون میں آکسیجن کی سطح (SpO2) جیسے اہم میٹرکس شامل ہوتے ہیں۔
گوگل نے واضح طور پر کہا کہ ’اگر آپ فٹ بٹ استعمال کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو 2 فروری 2026 تک اپنے اکاؤنٹ کو گوگل اکاؤنٹ میں منتقل کرنا ہوگا۔ اگر آپ فٹ بٹ میں سائن ان کرنے کے لیے جی میل اکاؤنٹ استعمال کرتے ہیں، تب بھی آپ کو گوگل اکاؤنٹ میں منتقل ہونا پڑے گا۔‘
گوگل نے انسانوں کی طرح سوچنے والا نیا اے آئی ماڈل متعارف کرادیا
ڈیٹا کیسے ایکسپورٹ کریں؟
اگر صارفین اپنا فٹ بٹ ڈیٹا محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو وہ درج ذیل طریقے سے ڈیٹا ایکسپورٹ کر سکتے ہیں،
-
فٹ بٹ سیٹنگ پیج پر جائیں اور ڈیٹا ایکسپورٹ آپشن منتخب کریں۔
-
اس کے بعد ایکسپورٹ یوور اکاؤنٹ آرکائیو کے تحت ریکوئیسٹ ڈیٹا پر کلک کریں۔
-
آپ کو ایک تصدیقی ای میل موصول ہوگی، جس میں ڈیٹا ایکسپورٹ کی درخواست کی تصدیق کرنی ہوگی۔
-
ا سکے بعد آپ کو ایک اور ای میل میں ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے کا لنک فراہم کیا جائے گا۔
-
اپنے ڈیٹا کو کمپیوٹر پر ڈاؤن لوڈ کرکے محفوظ کر لیں۔
فِٹ بِٹ اور گوگل کی شراکت داری
فٹ بٹ کو جنوری 2021 میں گوگل نے 2.1 بلین ڈالر میں خرید لیا تھا۔ اس کے بعد کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ فٹ بٹ کے تمام ڈیٹا کو گوگل اکاؤنٹس میں ضم کر دے گی۔ یہ عمل 2023 کے وسط میں شروع ہوا، لیکن صارفین کی بڑی تعداد کی وجہ سے ڈیڈ لائن کئی بار بڑھائی گئی۔
حالیہ فٹ بٹ مسائل
گزشتہ چند مہینوں میں فٹ بٹ کے آپریشنز میں مشکلات دیکھی گئی ہیں۔ جنوری 2024 میں گوگل نے فٹ بٹ سینس اور ’فٹ بٹ ورسا 3‘ کے لیے بیٹری پرفارمنس اپ ڈیٹ متعارف کرایا، کیونکہ یہ ڈیوائسز اوور ہیٹنگ کے مسئلے سے دوچار تھیں۔
گوگل پے پاکستان میں لانچ کیلئے تیار، تاریخ آگئی
گوگل کے مطابق، ’یہ اپ ڈیٹ ڈیوائس کی بیٹری پرفارمنس کو مستحکم کرے گا اور زیادہ گرمی کے خطرے کو کم کرے گا۔ تاہم، اس کے نتیجے میں بیٹری کا دورانیہ کم ہو جائے گا، اور آپ کو اپنی ڈیوائس کو زیادہ بار چارج کرنا پڑے گا۔‘
تاہم فٹ بٹ صارفین کے لیے گوگل کا حتمی انتباہ واضح ہے، اگر آپ اپنی فٹ بٹ کی معلومات برقرار رکھنا چاہتے ہیں، تو 2 فروری 2026 سے پہلے اپنا اکاؤنٹ گوگل اکاؤنٹ میں منتقل کر لیں۔ بصورتِ دیگر، آپ کا سارا ڈیٹا مستقل طور پر حذف کر دیا جائے گا۔