پشاور میں تھانے پر حملہ ناکام بنا دیا گیا جب کہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ صورت حال کے تناظر میں ایلیٹ فورس کو بھی طلب کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں تھانے پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ اس دوران پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ سینئر پولیس افسران کے مطابق دہشت گرد بھاری ہتھیار استعمال کر رہے ہیں اور صورتحال خطرناک ہے۔
پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو مار دیا، تاہم مقابلے کے دوران مزید دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی اور ایلیٹ فورس کے دستے بھی موقع پر پہنچا دیے گئے۔
سی سی پی او پشاور نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ ابھی جاری ہے اور فورسز دہشت گردوں کو مکمل طور پر قابو پانے کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہیں۔