بانی پی ٹی آئی نے جسے نامزد کیا وہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہوگا، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وہی ہوگا جسے بانی پی ٹی آئی نے نامزد کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ  امید ہے نئے وزیرِاعلیٰ کا انتخاب خوش اسلوبی سے ہوگا، ہماری اولین ترجیح ہوگی کہ معاملات ہموار طریقے سے حل ہو جائیں۔

وزیراعلی کے انتخاب اور اس حوالے سے حکمت عملی کے لئے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیرعلی ہاوس پشاور میں ہوا۔

اجلاس میں سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، جنید اکبر، اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سواتی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔

 پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ اگر آئینی پیچیدگی آئی تو عدالت اسے حل کرے گی، بانی پی ٹی آئی نے جس کا انتخاب کیا وہی وزیرِاعلیٰ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی قیادت اور ارکان سے مسلسل رابطے میں ہوں، وزیرِاعلیٰ کے انتخاب سے متعلق آج بھی اجلاس ہوا، پی ٹی آئی کی پوری قیادت بانی پی ٹی آئی کے احکامات کی پابند ہے۔

اجلاس میں آئندہ اسمبلی اجلاس کے لیے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔

 

Similar Posts