لاہور کا فضائی معیار آج حساس افراد کے لیے غیر صحت بخش رہنے کا امکان

اسموگ کی نگرانی اور پیشگوٸی کرنے والے نظام کے مطابق شہر کا فضائی معیار آج حساس افراد کے لیے غیر صحت بخش رہنے کا امکان ہے۔

سسٹم کے  مطابق صبح کے ابتدائی اوقات میں اے کیو آئی 175 تک رہا جبکہ دن بھر کی اوسط سطح 155 ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔  کم ہوا کی رفتار (1 تا 8 کلومیٹر فی گھنٹہ) نمی میں اضافہ اور بارش نہ ہونے کے باعث فضائی آلودگی کے بکھراؤ میں کمی متوقع ہے۔

رات 9 سے 11 بجے کے دوران بڑھتی ٹریفک، ایندھن کا زیادہ استعمال اور درجہ حرارت میں کمی آلودگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں،  دن کے اوقات میں فضائی معیار میں بتدریج بہتری آئے گی تاہم رات گئے حالات دوبارہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بچوں و بزرگوں کو صبح کے اوقات میں باہر جانے سے احتیاط برتنے کی تلقین کریں، گاڑیوں کا ایمشن ٹیسٹ یقینی بناٸیں۔ 

حکومتی ادارے اور ضلعی انتظامیہ فضائی معیار کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ آلودگی میں کمی کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائے جا سکیں، کسی بھی قسم کے دھویں سے فضأ کو بچانے کے لیے 1373پر فوری رپورٹ کریں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت قانون بنا سکتی ہے لیکن اس کے عملدرامد میں حکومت کی معاونت معاشرے کے ہر فرد کا  فرض ہے۔

Similar Posts