بھارتی ساختہ ممنوعہ ٹیکسٹائل مشینری کلیئرنس کی کوشش ناکام بنا دی گئی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بتایا ہے کہ کلکٹوریٹس آف کسٹمز اپریزمنٹ اور انفورسمنٹ نے بھارتی ساختہ ممنوعہ ٹیسکٹائل مشینری کی کلیئرنس کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق درآمد کنندہ نے  اپنے گڈز ڈیکلریشن  میں چینی ساختہ” ٹیکسٹائل ٹوسٹنگ مشین” ظاہر کی تھی، اصل ملک کے غلط اندراج کے شبہے کی اطلاع آزمائشی بنیادوں پر چلائے جانے والے نصب  نئے  رسک مینجمنٹ سسٹم (RMS 2.0) نے دی۔

ایف بی آر نے بتایا کہ اطلاع موصول ہونے پر  کلیئرنس کلکٹوریٹ نے  متعلقہ کنسائنمنٹ کو فزیکل جانچ پڑتال کے لیے نشان زد کیا، درآمدی دستاویزات میں سامان کا ماخذ چین ظاہر کیا گیا تھا جبکہ فزیکل معائنے پر یہ اشیا بھارتی ساختہ ثابت ہوئیں۔

مزید بتایا گیا کہ کنسائنمنٹ میں 576 اسپنڈلز والی نئی ٹیکسٹائل ٹوسٹنگ مشین بمعہ تمام ضروری پرزہ جات شامل ہیں، جو سیمی ناکڈ ڈاؤن حالت میں درآمد کی گئی تھی، مشین پر موجود مینوفیکچرر پلیٹس اور شناختی نشانات دانستہ طور پر مٹا دیے گئے تھے تاکہ اصلی ماخذ چھپایا جا سکے۔

ایف بی آر کے مطابق ضبط شدہ سامان کی مالیت کاتخمینہ  85,107 امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔

ایف بی آر نے بتایا کہ یہ  کارروائی ایف بی آر کے جدید اور مؤثر RMS 2.0 سسٹم کی افادیت کا واضح ثبوت بھی ہے۔

Similar Posts