اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی لگا دی جب کہ سید حبیب شاہ پر 10 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے، یہ پابندی بد انتظامی اور فیڈریشن آئین کی خلاف ورزی پر لگائی گئی۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی۔ سلمان بٹ ایتھلیٹکس کے حوالے سے کسی قسم کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق فیصلے سے ورلڈ ایتھلیٹکس، ایشین ایتھلیٹکس اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کو آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے سید حبیب شاہ پر بھی 10 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔
سلمان بٹ اور حبیب شاہ پر پابندی بد انتظامی اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی پر لگائی گئی۔ دونوں نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے غیرآئینی اور غیر قانونی انتخابات کروائے تھے۔
ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے 31 اگست کو پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔
سلمان بٹ اور سید حبیب شاہ نے 29 اگست کو پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کی اطلاع دی۔ پنجاب ایتھلیٹکس کے انتخابات کا طریقہ کار ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی تھی۔
ایتھلیٹکس فیڈریشن نے 30 اگست کو خط کے ذریعے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کو انتخابات کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔
سلمان اقبال بٹ خود ایتھلیٹکس فیڈریشن کے آئین پر دستخط کرنے والوں میں شامل ہیں۔ فیڈریشن نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔
انکوائری کمیٹی نے سلمان بٹ اور حبیب شاہ کو اپنا موقف اور صفائی پیش کرنے کے لیے طلب کیا تھا تاہم دونوں انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے جب کہ کمیٹی نے دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کی۔
یاد رہے کہ سلمان اقبال بٹ کو اے ایف پی نے ٹوکیو 2021 اولمپکس کے بعد ارشد ندیم کا کوچ مقرر کیا تھا، جہاں ارشد نیزہ پھینکنے کے فائنل میں پانچویں پوزیشن پر آئے تھے۔
تب سے سلمان اقبال بٹ نے ارشد ندیم کو کئی اعزازات دلائے، جن میں 2022 کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل ، 2023 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل اور اور پیرس 2024 اولمپکس میں گولڈ میڈل شامل ہیں۔