مردان میں ڈینگی کا پہلا کیس رپورٹ، مریض انتقال کرگیا

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پہلی بار ڈینگی وائرس کا کیس رپورٹ ہوا جبکہ متاثرہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع مرادن میں ڈینگی بخار کے باعث ایک 30 سالہ نوجوان دوران علاج دم توڑ گیا۔

محکمہ صحت مرادن کے مطابق شریف آباد مرادن کے رہائشی عدنان ولد شاہ مراد کو 30 ستمبر 2025 کو تیز بخار، جسم میں درد اور آنکھوں کے پیچھے درد کی شکایت پر مردان میڈیکل کمپلیکس لایا گیا، جہاں لیبارٹری رپورٹ میں ان کا این ایس ون (NS1) ٹیسٹ مثبت اور پلیٹلیٹس کی تعداد 45 ہزار پائی گئی۔

ڈاکٹروں نے فوری طور پر عدنان کو اسپتال میں داخل کرلیا اور انہیں ڈینگی شاک سنڈروم کے خدشے کے پیش نظر آئی سی یو میں نگرانی میں رکھنے کا مشورہ دیا۔

تاہم مریض نے طبی مشورے کے باوجود خود کو بہتر محسوس کرتے ہوئے اسپتال سے چھٹی لے لی اور گھر چلا گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق اگلے روز عدنان کی حالت پلیٹلیٹس کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے مزید بگڑ گئی، اور اُسے تشویش ناک حالت میں دوبارہ اسپتال لایا گیا۔

طبی عملے نے فوری طور پر پلیٹلیٹس کی منتقلی اور آئی سی یو میں علاج شروع کیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور 4 اکتوبر 2025 کو دم توڑ گیا۔

ضلعی ہیلتھ آفیسر مرادن کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، پانی جمع نہ ہونے دیں اور بخار یا جسمانی درد کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔

Similar Posts