بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں پوجا بھٹ نے اپنے پوڈکاسٹ میں والد مہیش بھٹ کو مدعو کیا، جہاں باپ بیٹی نے انڈسٹری میں اپنے کیرئیر، گھریلو رشتوں اور زندگی کے ذاتی تجربات پر گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران پوجا بھٹ نے اپنے بچپن کا ایک واقعہ شیئر کیا جب ان کے والد شراب کے نشے میں گھر لوٹے تھے۔ پوجا کے مطابق اُس وقت ان کی والدہ کرن بھٹ نے مہیش بھٹ کو بالکونی میں بند کر دیا تھا تاکہ وہ نشے کی حالت میں گھر میں داخل نہ ہو سکیں۔
پوجا نے بتایا کہ اُن کی والدہ نے انہیں دروازہ کھولنے سے روکا اور کہا کہ یہ رویہ درست نہیں کیونکہ وہ اکثر نشے کی حالت میں گھر آتے ہیں۔
پوجا نے مزید بتایا کہ بعد میں والد نے ان کے سرہانے بیٹھ کر ایک عورت سونی کے بارے میں بات کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اس سے شادی کرنے جا رہے ہیں۔ پوجا نے کہا کہ انہوں نے والد کی یہ بات ایک خاص اعتماد کے طور پر لی کیونکہ والدہ سے پہلے انہیں اس بارے میں بتایا۔
یاد رہے کہ مہیش بھٹ کی پہلی اہلیہ کرن بھٹ سے دو بچے، پوجا بھٹ اور راہول بھٹ ہیں، جبکہ دوسری شادی اداکارہ سونی رازدان سے ہوئی جن سے ان کی بیٹیاں عالیہ بھٹ اور شاہین بھٹ ہیں۔