پنجاب میں ٹی ایل پی کیخلاف آپریشن، مرکزی رہنما جے یو آئی کا سخت ردعمل

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے تحریک لبیک پاکستان کے قافلے پر رات کے اندھیرے میں کیے گئے آپریشن پر شدید ردعمل دیا ہے۔

اپنے بیان میں مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان کے قافلے پر وحشیانہ تشدد ناقابلِ قبول ہے، ہر جماعت اور ہر فردِ بشر کو اپنے مطالبات کے حق میں جلسہ، مظاہرہ یا احتجاج کا حق حاصل ہے۔ ٹی ایل پی کے علمائے کرام اور کارکنوں پر رات کی تاریکی میں براہِ راست فائر کھولنا کسی طور پر بھی پاکستان سے ہمدردی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک بار بار کہہ رہی تھی کہ وہ غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظاہرہ کرنا چاہتی ہے مگر حکومتِ پنجاب بضد تھی کہ اسرائیل کو کسی طرح ناراض نہ کیا جائے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اپنے ہی پاکستانیوں پر تشدد کرنا، انہیں زخمی کرنا یا قتل کرنا حکومتِ پنجاب کو آسان لگا، لیکن اسرائیل کو ناراض کرنا ان کے لیے مشکل تھا۔

مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام، حکومتِ پنجاب اور وفاقی فورسز کی جانب سے تحریک لبیک پر اس قسم کے وحشیانہ تشدد کی سخت مذمت کرتی ہے، اور تحریک لبیک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔

Similar Posts