شہر قائد میں پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے دو زخمی ڈاکوؤں سمیت مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
سکھن پولیس نے پیرانو گوٹھ کی روڈ نمبر 12 پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں راشد اور زبیر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول، مسروقہ موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
دوسری جانب ڈیفنس پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث پانچ ملزمان شہاب الدین، سیم مسیح، ساحل، رضا محمد اور شاہ زیب کو گرفتار کیا۔
ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔