اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پرویز الٰہی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو 25 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔
عدالت کے جج محمد عارف خان نیازی نے تحریری حکم میں کہا کہ پرویز الہی کی بریت کی درخواست پر مکمل دلائل سن لیے ہیں۔ چوہدری پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر ہوئی ، اسپیشل پراسیکیوٹر نے اعتراض کیا کہ گزشتہ سماعت پر حاضری معافی مکمل نہیں تھی اور حاضری معافی کی درخواست کے ساتھ میڈیکل ادویات کا نسخہ موجود نہیں تھا۔
عبوری حکم کے مطابق موجودہ حاضری معافی کی درخواست میں سروسز اسپتال کے ڈاکٹر سے چیک اپ اور اس کا باقاعدہ تصدیق شدہ نسخہ موجود ہے۔ پرویز الہی کی حاضری معافی کی درخواست مکمل ہے ، جس میں ڈاکٹر نے آرام کا مشورہ دیا ہے، لہٰذا عدالت پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتی ہے۔