آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں بارش کے باعث پاکستان تاریخ رقم کرنے سے محروم ہوگئی اور انگلینڈ ٹیم یقینی شکست سے بچ گئی، میگا ایونٹ میں پاکستان اور انگلینڈ کا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا۔
بدھ کو ویمنز ورلڈ کپ 16 ویں میچ میں پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف شاندار پرفارمنس کے باوجود بد قسمت رہی۔ بارش پاکستان کی تاریخی جیت کی راہ میں رکاوٹ بن گئی۔
سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلش کرکٹ ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 31 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے چارلی ڈین 33 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہیں، اس کے علاوہ ہیتھر نائٹ اور ایم آرلوٹ نے 18، 18، ایلس کیپسی نے 16 اور صوفیہ ڈنکلی نے 11 رنز بنائے جب کہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی۔
پاکستانی کپتان کپتان فاطمہ ثنا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی، سعدیہ اقبال نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ بارش کے باعث میچ کو 31، 31 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا اور پاکستان کو ڈک ورتھ لوئیس فارمولے کے تحت 113 رنز کا ہدف ملا۔
قومی ٹیم کی اوپنرز نے 6.4 اوورز میں 34 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی اور میچ ختم کرنا پڑا، اس طرح انگلینڈ ویمنز ٹیم کو شکست دینے کا اچھا موقع پاکستان کے ہاتھوں میں آکر چلا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
ویمنز ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور بنگلا دیش کی ٹیمیں کل وشاکا پٹنم میں مدِ مقابل ہوں گی۔