عید الفطر پر تیز رفتاری اور لاپرواہی سے کئی گھر اجڑ گئے، ملک بھر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 3 ماہ کی بچی اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
ٹنڈو الہیار نصیر کنال میں تیز رفتار کار جاگری، 4 افراد جاں بحق
سندھ کے شہر ٹنڈو الہیار میں نصیر کنال میں تیز رفتار کار جاگری، حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار 4 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔
نوجوان کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 11جے کے رہائشی ہیں، جاں بحق ہونے والوں نوجوانوں کی شناخت علی شان، عبدالحد، عدیل اور سمیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
قمبر شہداد کوٹ؛ 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم، حادثے میں ماں بیٹی جاں بحق
متوفی عدیل اپنے دوستوں کے ساتھ اپنے رشتہ داروں سے ملنے میرپور خاص جا رہے تھے جبکہ چاروں نوجوانوں کی لاشوں کو کراچی منتقل کر دیا گیا، متوفین کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔
کامونکی میں پولیس اہلکاروں کی موٹر سائیکل گدھا گاڑی سے ٹکراگئی، 2 اہلکار جاں بحق
پنجاب کے شہر گجرانوالہ کے ضلع کامونکی کے علاقے کوٹ بلال کے قریب پولیس اہلکاروں کی موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 دوست زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ تتلے عالی کے علاقہ کوٹ نثار شاہ کا کانسٹیبل حسن علی اور کنگر والی کا عثمان گادی جو کہ روات پولیس ٹریننگ سنٹر میں تعینات تھے اور عید منانے کے لئے گھر آئے ہوئے تھے اپنے دوستوں طیب خان اور عثمان کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گوجرانوالہ سے واپس آرہے تھے کہ کوٹ بلال کے قریب ان کی موٹر سائیکل گدھا گاڑی کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل عثمان اور حسن علی جاں بحق جبکہ دیگر 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد پولیس اہلکاروں کی لاشیں ورثا کے حوالے کردی ہیں۔
خانیوال میں ٹریفک حادثے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق
خانیوال کے علاقے کبیروالا میں مخدوم پور انٹر چینج کے قریب ٹریفک حادثے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
افسوسناک ٹریفک حادثہ خانیوال میں پیش آیا جہاں کبیر والا میں مخدوم پور انٹر چینج کے قریب تیز رفتار دودھ وین نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا، حادثے میں موٹر سائیکل سوار 2 خواتین اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق خواتین میں بشیراں بی بی، روبینہ بی بی اور معصوم بچہ شامل ہے۔
موٹر سائیکل ڈرائیور عدنان اور لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کے بعد تیز رفتار دودھ وین ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
ڈجکوٹ میں 2 موٹرسائیکلوں میں تصادم، 3 ماہ کی بچی جاں بحق
ڈجکوٹ کے علاقے میں 2 موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 3 ماہ کی بچی جاں بحق اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا جبکہ حادثے تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
سرگودھا میں رکشے کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 2 افراد جاں بحق
رات گئے سرگودھا میں سلانوالی روڈ پر تیز ر فتار رکشے نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، حادثے میں 8 سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسلام آباد میں ٹیوٹا ہائی ایس ویگن اور کار آپس میں ٹکرا گئے، ایک شخص جاں بحق
دوسری جانب اسلام آباد میں کلب روڈ پر تیز رفتار گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ٹیوٹا ہائی ایس ویگن اور کار آپس میں ٹکرانے سے ایک کار سوار شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں 6 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں کو علاج معالجہ کے لیے اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔
اس کے علاوہ لاہور میں جناح انڈر پاس پر موٹر سائیکل کھمبے میں جا گھسی، جس کے نتیجے میں 2 نوجوان جان گنوا بیٹھے جبکہ رینالہ خورد میں گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اسی طرح قمبر شہداد کوٹ، میرپور ساکرو، حافظ آباد میں موٹرسائیکلوں کی ٹکر کے باعث 8 جانیں لے گئی۔