اسرائیل کے داغے گئے 20 ہزار سے زائد نہ پھٹنے والے بم غزہ کے لئے بڑا خطرہ

انسانیت سوز مظالم ڈھانے والی اسرائیل فوج نے غزہ کو کھنڈر بنا دیا۔ غزہ میں ملبے کی مقدار 70 ملین ٹن تک اور 20ہزار نہ پھٹنے والے بم موجود ہیں۔ غزہ میں 65 سے 70 ملین ٹن ملبہ اور 20 ہزار نہ پھٹنے والے بم موجود ہیں۔

غزہ کے میڈیا آفس کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی حملوں نے پورے علاقے کو ماحولیاتی اور ساختی طور پر تباہ کر دیا ہے۔ غزہ میں 65 سے 70 ملین ٹن ملبہ پھیل چکا ہے، جس میں گھر، اسکول، اسپتال اور دیگر اہم سہولتیں شامل ہیں جو اسرائیلی فوج کے حملوں میں تباہ ہوئی ہیں۔ ان تباہیوں کے باعث پورا علاقہ ایک ویران میدان کی مانند دکھائی دے رہا ہے، اور اس ملبے کو صاف کرنے کے عمل میں شدید رکاوٹیں آ رہی ہیں۔

غزہ میڈیا آفس نے واضح کیا کہ ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کی ضرورت ہے، لیکن اسرائیل نے ان مشینریوں اور آلات کے غزہ میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ سرحدی گزرگاہوں کی بندش اور امدادی سامان کی روک تھام کے سبب ملبہ ہٹانے کا عمل شدید متاثر ہو رہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث تعمیر نو کا عمل بھی ممکن نہیں ہو پا رہا۔

غزہ کے حکام نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر گزرگاہیں کھولے اور ملبے کی صفائی کا عمل شروع کرے۔ حکام نے خبردار کیا کہ غزہ میں موجود نہ پھٹنے والے بم شہریوں اور فیلڈ ورکرز کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ ان بموں کی صفائی کے لیے خصوصی انجینئرنگ اور احتیاطی تدابیر درکار ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق، ہینڈی کیپ انٹرنیشنل، جو بارودی سرنگوں کی صفائی اور ان کے متاثرین کی مدد میں مہارت رکھتی ہے، نے غزہ میں موجود غیر پھٹے بموں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

تنظیم نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد جب فلسطینی اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں، تو ان بموں نے ان کے لیے “بہت زیادہ” خطرات پیدا کر دیے ہیں۔ اس تنظیم نے غزہ میں بم ناکارہ بنانے والے آلات کے داخلے کی درخواست کی ہے، تاکہ مزید انسانی نقصانات سے بچا جا سکے۔


AAJ News Whatsapp

رواں سال کے آغاز میں، اقوامِ متحدہ کی مائن ایکشن سروس (یو این ایم اے ایس) نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ غزہ پر داغے گئے گولہ بارود میں سے پانچ سے 10 فیصد حصہ پھٹنے سے رہ گیا ہے، جو اب علاقے میں ایک بڑا خطرہ بن چکا ہے۔

Similar Posts