کراچی؛ پلاٹ پر تعمیرات، ٹرانسپورٹر کو پستول کی گولی بھیج کر 10 لاکھ روپے بھتہ طلب

ملیر میں پلاٹ پر تعمیرات کے دوران مقامی ٹرانسپورٹر کو پستول کی گولی بھیج کر 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کرلیا گیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ ٹرانسپورٹر  کی مدعیت میں شاہ لطیف تھانہ میں درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف تھانہ میں مدعی سرفراز علی نے 16 اکتوبر کو ایف آئی آر نمبر 1541/25 زیر دفعات 427 ت پ، 384 ت پ، 385 ت پ، 337 H(ii) ت پ، 34 ت پ کے تحت درج کروائی ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی سرفرار علی نے بتایا کہ میں شاہ لطیف کا رہائشی ہوں اور ٹرانسپورٹر ہوں۔ 21 ستمبر کو شاہ لطیف ٹاون میں اپنے  پلاٹ 57/58 SC پر کام شروع کیا تو دو موٹر سائیکلوں پر 4 اشخاص آئے اور پستول دکھا کر مجھے کہا کہ اگر پلاٹ پر کام جاری رکھنا ہے تو 10 لاکھ روپے دو اور میرے چوکیدار کو 10 لاکھ روپے بھتے کی پرچی کے ساتھ پستول کی گولی دے کر چلے گئے جن کو سامنے آنے پر پہچان سکتا ہوں۔

مقدمے کے متن کے مطاب 16 اکتوبر کو کو گھر پر سو رہا تھا کہ چوکیدار عبدالصمد نے مجھے اطلاع دی کہ 20 سے 22 افراد آئے، پلاٹ کی دیواریں توڑ دیں اور ہوائی فائرنگ کی۔ چوکیدار نے بتایا کہ دھر محمد، یاسین، غالب ڈومکی اور اکبر ہی بھتہ کی پرچی اور پستول کی گولی دے کر گئے تھے، یہی ملزمان بھتہ طلب کرنے اور پلاٹ کی دیواریں توڑنے میں ملوث ہیں۔

پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس ایچ او شاہ لطیف ضمیر احمد نے بتایا کہ مقدمے کی تفتیش ایس آئی یو کرے گی، پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔

Similar Posts