عمران خان سے ملاقات کیلیے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کا چیف جسٹس پاکستان کو خط

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے ایڈووکیٹ جنرل کی وساطت سے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ دیا۔

خط میں استدعا کی گئی کہ چیف جسٹس، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور وزارت داخلہ کو وزیراعلیٰ کے پی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے کی ہدایت دیں۔

چیف جسٹس کو خط میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب ہوگئے ہیں اور نو منتخب وزیراعلیٰ کو حکومتی ذمے داریاں سنبھالنا ہے۔

خط میں وزیراعلیٰ نے لکھا کہ صوبائی کابینہ کی تشکیل اور اہم معاملات پر آئینی اور اخلاقی طور پر بانی پی ٹی آئی سے رہنمائی ضروری ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پہلے ہی وزارت داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور پنجاب حکومت سے درخواست کرچکے ہیں۔

سہیل آفریدی نے خط میں بتایا کہ دیگر صوبوں کے ساتھ معاملات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے رہنمائی ضروری ہے اور پنجاب کی جانب سے گندم کی ترسیل پر پابندی سے متعلق بھی بانی پی ٹی آئی سے رہنمائی ضروری ہے، عوامی مفاد کے لیے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں متعلقہ حکام کی نگرانی میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔

خط میں لکھا ہے کہ میں صوبے کا منتخب وزیراعلیٰ اور ساڑھے 4 کروڑ عوام کا نمائندہ ہوں، میرا آئینی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ اپنی جماعت کے پیٹرن اِن چیف سے ہدایات لوں۔

Similar Posts