بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے چیمپیئنزٹرافی 2025 جیتنے کے بعد اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ جیتنے کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق گفتگو کی اور بتایا کہ انہوں نے تاحال اپنے مستقبل سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
روہت شرما کا بتانا تھا کہ میرا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، اس حوالے سے چلنے والی خبریں افواہیں تھیں جن کی آج آپ کے سامنے تردید کررہا ہوں، میں یہ اس لیے بتارہا ہوں تاکہ آگے افواہیں ختم ہوں، مستقبل کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، جو چل رہا ہے چلے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں بھارت کی نمائندگی جاری رکھوں گا اور ہر پوزیشن پر اپنے ملک کیلیے کھیلنے کو بھی تیار ہوں۔
فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست، بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
یاد رہے کہ روہت شرما 2 ماہ بعد 38 سال کے ہونے والے ہیں، ان سے متعلق خیال کیا جارہا تھا کہ وہ ورلڈکپ 2027 سے قبل ہی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ روہت شرما نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 83 بالز میں 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ٹائمز آف انڈیا نے اپنے ذرائع سے خبر دی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی نظریں اس وقت اگلی ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور 2027 کے ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں اور بورڈ چاہتا ہے کہ کوئی ایسا کپتان مقرر کیا جائے جو ان اہم ایونٹس میں ٹیم کی بہتر انداز میں نمائندگی کرسکتا ہو۔
روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں تاریخ رقم کردی
بھارتی اخبار نے یہ بھی بتایا کہ دورہ آسٹریلیا سے واپسی پر کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگارکر نے مستقبل سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ اور روہت شرما سے تبادلہ خیال کیا اور اپنے ارادوں سے آگاہ کیا جس پر نہ بورڈ نے اعتراض کیا اور نہ ہی روہت شرما نے۔