النصر کی شاندار کامیابی پر رونالڈو اور یوٹیوبر ’آئی شو اسپیڈ‘ کا منفرد انداز میں جشن، ویڈیو وائرل

سعودی پرو لیگ میں النصر کی شاندار کامیابی کے بعد کرسٹیانو رونالڈو اور مشہور یوٹیوبر ’آئی اسپیڈ شو‘ کی ملاقات سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئی۔ الفتح کے خلاف 1-5 کی زبردست فتح میں رونالڈو نے اپنے کلب کیریئر کا 800 واں گول مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کی، اور میچ کے بعد ہونے والا ان کا جشن سب کے لیے یادگار بن گیا۔

میچ کے اختتام پر رونالڈو نے میدان میں ’آئی اسپیڈ شو‘ کو النصر ٹیم کے مشہور ’وائکنگ کلیپ‘ جشن میں شامل ہونے کا موقع دیا۔ انہوں نے یوٹیوبر کو ڈھول بجانے اور ٹیم کے نعرے کی تال کے ساتھ شامل ہوکر ایک زبردست رنگ جمادیا۔ دونوں کے اس خوشگوار لمحے نے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی اور ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہو گئی۔

بعد ازاں رونالڈو نے انسٹاگرام پر آئی اسپیڈ شو کو فالو کیا اور ان کی تصویر اپنی اسٹوری میں شیئر کر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔ یہ اشارہ ان کے درمیان باہمی احترام اور ایک جذباتی تعلق کی علامت سمجھا گیا۔

دلچسپ طور پر، اسی دن ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی جس میںآئی اسپیڈ شو نے رونالڈو کو آواز دی لیکن وہ بغیر رُکے آگے بڑھ گئے۔ اس ویڈیو پر مداحوں کے درمیان بحث چھڑ گئی تھی، تاہم بعد میں ہونے والے اس جشن اور سوشل میڈیا رابطے نے تمام غلط فہمیاں دور کر دیں۔


AAJ News Whatsapp

کرسٹیانو رونالڈو نہ صرف اپنی شاندار فٹنس اور غیر معمولی کارکردگی کے باعث سعودی پرو لیگ کا سب سے نمایاں چہرہ ہیں، بلکہ ان کی عاجزی، مثبت رویہ اور مداحوں سے قریبی تعلق انہیں ایک حقیقی عالمی اسٹار بناتے ہیں۔

فٹبال صرف کھیل نہیں بلکہ لوگوں کو جوڑنے اور خوشی بانٹنے کا ذریعہ ہے۔ رونالڈو کی موجودگی نے نہ صرف النصر بلکہ پوری سعودی پرو لیگ کو عالمی سطح پر نئی شناخت دی ہے، اور ان کے یہ لمحات ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

Similar Posts