دریائے سندھ پر نئی کینالز کے منصوبے کے خلاف سندھ میں احتجاج جاری ہے، میر پورخاص میں کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ نے مظاہرہ کیا، کوٹری میں طالبات اور اساتذہ نے ریلی نکالی، جبکہ سول اسپتال سجاول کے ملازمین بھی سراپا احتجاج بن گئے۔
میرپور خاص میں کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے دریائے سندھ پر بنائی جانے والی نہروں کے خلاف میرپورخاص پریس کلب کے سامنے مشترکہ احتجاج کیا گیا۔
میر پور خاص کے مختلف کالجز اور یونیورسٹییز کے طلبہ نے سندھ میں جاری زرعی پانی کی قلت کے پیش نظر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو 13 ہزار کیوسک پانی کی جگہ 4 ہزار 800 کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے جو صرف پینے کی ضرورت پوری کررہا ہے، جس کا اعتراف محکمہ آبپاشی کی جانب سے جاری نوٹس میں کیا گیا ہے۔
دریائے سندھ پر نہریں بنانے کے خلاف اساتذہ کے ساتھ طلبہ بھی سڑکوں پر نکل آئے، بھرپور احتجاج
انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کے باعث 25 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی پر پھیلے آم کے باغات و دیگر فصلیں تباہی کا شکار ہیں، آموں کی آمد سے قبل ہی باغات سوکھ رہے ہیں۔
مظاہرین نے نئے بنائی جانے والی کینالوں کےخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سندھ کی زمینوں کو مطلوب پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
ادھر دریائے سندھ سے چھ نئے کینال نکالنے کے خلاف کوٹری گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے طالبات کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ سمیت طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جیکب آباد: قتل سے متعلق جرگہ میں فریقین پر ایک کروڑ 89 لاکھ جرمانہ
کوٹری گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے اساتذہ اور طالبات نے کہا کہ دریائے سندھ چھ کروڑ عوام کو پالنے والا دریا ہے جونہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں کو بھی زندگی بخشنے کا ذریعہ ہے، ہم دریائے سندھ سے 6 کینالز نکال کر چولستان کو آباد کرنے کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر دریائے سندھ کو اپنے حصے کا پانی نہ ملا تو زراعت کے ساتھ کاروبار، تعلیمی ادارے، شہر اور دیہات ویران ہوجائیں گے، جبکہ زرعی زمینیں بنجر ہوجائیں گی۔
انہوں نے پر زور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر دریائے سندھ سے 6 نئے کینال نکالنے کا منصوبہ ختم کیا جائے، ریلی میں اساتذہ اور طالبات کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور پینا فلیکس اٹھائے ہوئے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔
دوسری جانب دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے خلاف سول اسپتال سجاول کے ملازمین بھی سراپا احتجاج بن گئے، انہوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔