متحدہ عرب امارات کے لیے نامزد پاکستانی سفیر شفقات علی خان نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے الوداعی ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے وزارتِ خارجہ کے ترجمان کی حیثیت سے شفقات علی خان کی خدمات کو سراہا اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر اپنی سفارتی مہارت سے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے سفیر کو ہدایت دی کہ وہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھیں۔