شہری کا ای میل ہیک کر کے انسٹاگرام پر فیملی کی جعلی نازیبا تصاویر وائرل کرنے والا شاطر ملزم گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اسلام آباد نے ای میل ہیک کر کے سوشل میڈیا پر جعلی آئی ڈی کے ذریعے نازیبا مواد پھیلانے والے شاطر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق این سی سی آئی اے اسلام آباد نے سائبر ہراسانی اور غیر اخلاقی مواد کے کیس میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملزم سید مطہر عباس کو گرفتار کرلیا۔

ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 297/2025 درج کیا گیا تھا جس کا تعلق ضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ، گاؤں خاص خانوال سے ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے علی حمزہ نامی شہری کے جی میل اکاؤنٹ تک غیر قانونی رسائی حاصل کی اور متاثرہ شخص کے اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ جیسی جعلی آئی ڈی بناکر نازیبا مواد شیئر کیا۔

ملزم نے متاثرہ کی فیملی تصاویر میں تبدیلی کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں اور واٹس ایپ کے ذریعے متاثرہ کو بلیک میل کرنے اور پیسے کا مطالبہ کیا۔

تحقیقات کے دوران ملزم کے زیرِ استعمال متعدد واٹس ایپ اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا جن سے متاثرہ اور اس کے خاندان کو بھیجے گئے پیغامات اور نازیبا تصاویر برآمد ہوئیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ٹیکنیکل تجزیہ میں ملزم کے فون سے چائلڈ پورنوگرافک مواد بھی برآمد ہوا جبکہ ملزم نے اعتراف بھی کرلیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق واقعے  سے متعلق ڈیجیٹل شواہد کی تلاش کے لیے انویسٹی گیشن وسیع کر دی گئی ہے۔

Similar Posts